عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں ہنی ٹریپ کی منصوبہ بندی میں ٹک ٹاکر لاریب کا کردار سامنے آیا، جس نے شوٹرز گینگ کے سرغنہ سے رابطہ کیا تھا۔
سیالکوٹ: (رائیٹ ناؤ نیوز) پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں ہنی ٹریپ کے ذریعے قتل کی مبینہ منصوبہ بندی سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ٹک ٹاکر لاریب، جو سیالکوٹ کی رہائشی ہے، کا نام کیس میں سامنے آیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ لاریب کی شادی شوٹرز گینگ کے سرغنہ سے ہوئی تھی مگر خلع کے بعد دوسری شادی کرلی تھی۔ بعد ازاں، اس نے دوبارہ شوٹرز گینگ کے سرغنہ سے رابطہ کیا۔
لاریب کو عبداللہ طاہر کو ہنی ٹریپ کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ لاریب نے عبداللہ طاہر کی تصاویر بھی شیئر کیں، تاہم جواب نہ ملنے پر منصوبہ تبدیل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاریب کو مقتول کے ڈرائیور کو ہنی ٹریپ کرنے کا دوسرا ٹاسک دیا گیا، جس کے ذریعے قتل کی منصوبہ بندی مکمل ہوئی۔
واضح رہے کہ پولیس کا دعویٰ ہے عبداللہ طاہر کے قتل کی ڈیل 20 کروڑ روپے سے زائد میں ہوئی تھی۔ ٹک ٹاکر اور شوٹرز گینگ کے سرغنہ کے تعلق کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔















