ڈاکٹر اسما کی میت کی واپسی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیم شدید موسم کے باوجود کوششوں میں مصروف ہے اور ہیلی کاپٹر کی اجازت بھی دی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر آسمہ کی میت کی واپسی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریسکیو ٹیم جلد کیمپ تھری تک پہنچے گی۔
ریسکیو ٹیم کیمپ تھری کے قریب پہنچ گئی تھی، لیکن شدید موسم اور تیز ہواؤں کی وجہ سے واپس آنا پڑا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ میت کی واپسی کے لئے ہیلی کاپٹر کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان حکومت اور ایف سی این اے کے درمیان رابطہ کاری مکمل ہے۔ متبادل انتظامات بھی کر لئے گئے ہیں تاکہ میت کی واپسی یقینی ہو سکے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر اسما مشتاق اسپانتک نامی پہاڑ پر کوہ پیمائی کے دوران ہائی ایلٹیٹیوڈ سکنیس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئی تھیں۔ ان کا تعلق لاہور سے تھا اور وہ برطانیہ میں ڈاکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری نے بتایا تھا کہ مختلف ٹیموں کی مدد سے ڈاکٹر آسمہ کی لاش نکالنے کی کوشش جاری ہے، جو ان کی ایکسپیڈیشن کمپنی کے زیر نگرانی ہو رہی ہے۔















