حنا جاوید کے قتل کیس میں شوہر اور ملازم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا۔ پولیس تفتیش جاری ہے جس میں قتل کی واردات کی مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤنیوز) حنا جاوید قتل کیس میں عدالت نے شوہر فیصل اصغر اور ملازم ذیشان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ پولیس نے دونوں کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں ان کو پولیس تحویل میں دے دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان سے قتل کی واردات کے حوالے سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی۔ ملزمان سے قتل میں استعمال ہونے والی اشیاء برآمد کرلی گئی ہیں، اور ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے بھی لیے جائیں گے۔
تفتیشی ٹیم نے فیصل اصغر کے والد کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل نے اپنے ملازم کو قتل کی واردات میں شریک ہونے کے لیے پیسے دیے تھے۔
واضح رہے کہ 45 سالہ حنا جاوید کی لاش 20 اگست کو ان کے گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے تھے اور گردن میں تار بندھی ہوئی تھی۔
پولیس مزید کہتی ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمان کے کردار کا تعین کیا جارہا ہے۔ مقتولہ کے اہل خانہ شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔















