شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس بشکیک میں ہوگا جہاں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ روس، چین، ایران کے صدور اور بھارتی وزیراعظم کی شرکت بھی متوقع ہے۔
بشکیک: (رائیٹ ناؤ نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس یکم ستمبر کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہوگا۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں روس، چین، ایران کے صدور اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر 31 اگست کو بشکیک پہنچیں گے جہاں ان کی شرکت کے لیے دو سربراہی کانفرنسز شیڈول ہیں۔
یکم ستمبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت ہوگی۔ اسی روز ایس سی او پلس اجلاس بھی ہوگا، جس میں ترکیہ، بیلا روس، منگولیا، آزربائیجان، آرمینیا اور ٹوگو کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کرغزستان کا دورہ اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ دو ستمبر کو وہ کرغزستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کریں گے۔
یاد رہے کہ ایس سی او کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو بڑھانا ہے۔ یہ تنظیم خطے کے اہم ممالک کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔













