مالی میں اماراتی شہزادے کی رہائی کے لیے 5 کروڑ ڈالر تاوان کی ادائیگی، باغی تنظیم کو مالی وسائل فراہم کرنے کا بڑا ذریعہ۔
مالی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مالی میں ایک باغی تنظیم نے متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے رکن کی رہائی کے لیے 5 کروڑ ڈالر تاوان وصول کیا، جو خطے میں اب تک کا سب سے بڑا تاوان قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ رقم القاعدہ سے منسلک جہادی گروہ کو ادا کی گئی جو مالی میں شریعت کے نفاذ کے لیے سرگرم ہے۔
26 ستمبر کو دارالحکومت باماكو کے قریب اغوا کیے گئے اماراتی شہزادے کے ساتھ ان کے ایرانی اور پاکستانی کاروباری شراکت دار بھی شامل تھے۔ مذاکرات کے نتیجے میں اکتوبر کے آخر میں تاوان ادا کرکے تینوں یرغمالیوں کو رہا کیا گیا۔
مالی کے سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس مذاکرات کے نتیجے میں عسکریت پسند تنظیم کے تقریباً 30 قیدیوں کو بھی رہا کیا گیا۔ اس گروہ نے ایندھن کی سپلائی پر پابندی سمیت مختلف اقدامات کیے ہیں، جس سے دارالحکومت باماكو میں اسکول بند کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ مالی میں 2021 کی فوجی بغاوت کے بعد سے عسکری قیادت داعش اور القاعدہ سے وابستہ گروہوں سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے، مگر یہ تنظیمیں شہری علاقوں میں اپنی گرفت مضبوط کر رہی ہیں۔















