فیصل آباد کی کیمیکل فیکٹری میں دھماکے سے 15 افراد جاں بحق، 7 زخمی۔ دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا۔
فیصل آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک پور کی کیمیکل فیکٹری میں بوائلر دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری ہوگئی ہے۔ کمشنر فیصل آباد راجا جہانگیر انور نے کہا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے جبکہ 7 زخمی ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں دھماکا گیس پائپ لائن کے پھٹنے سے ہوا۔ زیادہ جانی نقصان فیکٹری سے ملحقہ گھروں کے رہائشیوں کا ہوا۔ دھماکے کے باعث فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی اور عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی جبکہ ملحقہ مکانوں کی چھتیں بھی گرگئیں۔
کمشنر نے بتایا کہ ملک پور میں چار فیکٹریاں ایک ساتھ منسلک ہوکر کام کر رہی تھیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب خود ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں۔ خیال رہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس کی شدت کے باعث قریبی گھروں کی چھتیں بھی متاثر ہوئیں۔















