این ڈی ایم اے نے شدید بارشوں کے باعث ملک بھر میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بارشیں 18 سے 23 جولائی تک جاری رہیں گی۔ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں اچانک سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے دریاؤں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی و وسطی اضلاع میں پہاڑی برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ آزاد کشمیر کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے آزاد جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ نیلم، حویلی، پونچھ میں مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ ہے۔ مظفرآباد، باغ کی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، کوہلو کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ خیبرپختونخوا کے پشاور، نوشہرہ میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ این ڈی ایم اے نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مسافروں کو پہاڑی علاقوں میں احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔















