راولپنڈی میں بارودی مواد کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ ملزم محمد سلیم ایبٹ آباد کا رہائشی ہے، اس سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے راولپنڈی میں بارودی مواد کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ زیر استعمال کیری وین بھی قبضے میں لے لی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی تھانہ نیو ایئرپورٹ کی حدود میں کی گئی۔ گرفتار ملزم محمد سلیم کا تعلق ایبٹ آباد سے بتایا گیا ہے۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران بائیس کلوگرام بارودی مواد برآمد ہوا۔
قبضے میں لیے گئے مواد میں 180 ایکپلوزیو بارز، 490 نان الیکٹرک ڈیٹونیٹرز، اور ایک ہزار میٹر تار شامل ہے۔ ملزم اور برآمد شدہ بارودی مواد کو تھانہ نیو ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم سے بارودی مواد کی ترسیل، ممکنہ خریداروں، اور نیٹ ورک سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں حالیہ مہینوں میں بارودی مواد کی اسمگلنگ کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں، جنہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ناکام بنایا۔















