پاکستان اور چین کے درمیان لائیو اسٹاک تعاون میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی سے گوشت برآمدات میں تیزی کا امکان۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) پاکستان اور چین نے لائیو اسٹاک اور گوشت کی برآمدات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان میں جدید اصلاحات اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیر صدارت چینی وفد کے ساتھ اجلاس ہوا۔ دونوں ممالک نے گوشت کی برآمدات میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔
اس تعاون کے تحت پاکستان میں جدید سلاٹر ہاؤسز اور میٹ پروسیسنگ سہولیات کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ جدید ٹیکنالوجی اور کولڈ چین نظام میں بھی بہتری لائی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے لائیو اسٹاک شعبے میں حلال گوشت کی پیداوار کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ شعبہ زرعی معیشت اور دیہی روزگار میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے زرعی اور لائیو اسٹاک شعبے کی ترقی ملک کی معاشی نمو اور برآمدات میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔














