مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل، مختلف علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری۔ تیز ہواؤں، آندھی اور ژالہ باری کا امکان، نقصان کا خدشہ۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 16 سے 19 اپریل کے دوران صوبے کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو رہا ہے۔ اس کے اثرات مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں دیکھے جائیں گے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ فصلوں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، نوابشاہ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔















