انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایئر ٹریفک کنٹرولرز ایسوسی ایشنز نے پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایئر ٹریفک کنٹرولرز ایسوسی ایشنز نے پاکستان کے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور خدمات کو سراہا ہے۔ ادارے نے کہا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں علاقائی فضائی بحران کے دوران پاکستانی عملے نے محفوظ اور مؤثر فضائی آپریشن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
عالمی ادارے کے مطابق امریکہ۔ایران جنگ کے باعث خطے کی فضائی گزرگاہوں میں شدید دباؤ پیدا ہوا۔ پاکستان چونکہ جنوب مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان اہم فضائی راہداری ہے، اس لیے ہمسایہ فضائی حدود سے موڑے گئے طیاروں سمیت غیر معمولی پروازوں کا بوجھ بھی پاکستان نے سنبھالا۔
خط میں کہا گیا کہ بعض فضائی سیکٹرز میں ٹریفک نمایاں حد تک بڑھ گئی تھی، مگر پاکستانی کنٹرولرز نے حفاظت اور کارکردگی کے اعلیٰ معیار برقرار رکھے۔ ادارے نے تسلیم کیا کہ یہ کام مسلسل دباؤ، طویل ڈیوٹی اوقات اور محدود چھٹیوں کی حالت میں انجام دیا گیا۔
ایشیا پیسیفک خطے کے لیے آئی ایف اے ٹی سی اے کی ایگزیکٹو نائب صدر شیریل چن نے پاکستانی حکام اور متعلقہ وزارت کے تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ پاکستان کے ایئر ٹریفک کنٹرول ورک فورس کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں حالیہ جنگ کے بعد ہزاروں پروازیں متاثر ہوئیں، جبکہ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا اور بین الاقوامی رپورٹوں کے مطابق ایران، عراق، کویت، اسرائیل، بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود میں شدید خلل دیکھا گیا۔












