ایرانی بحری جہاز امریکی ناکہ بندی کے باوجود آبنائے ہرمز سے کامیابی سے گزر گئے۔
آبنائے ہرمز: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ امریکی ناکہ بندی کے باوجود 4 ایرانی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے کامیابی سے گزر گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق، ان جہازوں کی ٹریکنگ سے معلوم ہوا کہ 2 جہاز ایرانی بندرگاہوں سے روانہ ہوئے جبکہ دیگر 2 امریکی پابندیوں کے باوجود شارجہ اور چین سے روانہ ہوکر ایرانی بندرگاہ پہنچے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا ماضی میں بھی خالی ہاتھ رہا اور اب بھی ایسا ہی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ، اگر جنگ جاری رہی تو ایران نئے ہتھیار سامنے لائے گا۔
دوسری جانب، چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان دیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی امریکی ناکہ بندی کشیدگی میں اضافہ کرے گی، یہ اقدام خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ چینی ترجمان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے مکمل جنگ بندی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے اہم سمندری راستہ ہے اور یہاں کشیدگی کا اثر عالمی معیشت پر بھی پڑ سکتا ہے۔












