پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 12 سے 17 اپریل تک بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے، جب کہ سندھ اور بلوچستان میں گرمی کا امکان ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک کے بالائی علاقوں بشمول پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 12 سے 17 اپریل کے دوران بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہ 12 سے 17 اپریل کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بعض مقامات پر درجہ حرارت معمول سے زائد ہو سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری سے درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ان علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی انہی مہینوں میں بارشوں اور برفباری کے باعث مختلف علاقوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر ضروری ہیں۔















