پنجاب حکومت نے بم ڈسپوزل اسٹاف کی بھرتیوں کی پابندی ختم کر دی، 74 نئی اسامیوں کی منظوری دی گئی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے بم ڈسپوزل اسٹاف کی بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ صوبائی کابینہ نے بھرتیوں کی باقاعدہ اجازت دے دی۔
محکمہ داخلہ نے سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر بھرتیوں کو ضروری قرار دیا تھا۔ بم ڈسپوزل کی 74 خالی اسامیوں پر فوری بھرتیوں کی درخواست وزیراعلیٰ پنجاب کو دی گئی تھی۔
وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی اجلاس میں بھرتیوں کی اصولی منظوری دی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ میں 14 کمانڈر اور 60 ٹیکنیشنز بھرتی ہوں گے۔ محکمہ خزانہ نے بھی بھرتیوں کے عمل پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
یہ بھرتیاں سول ڈیفنس سروس رولز 1980 کے تحت ہوں گی، ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کو ترجیح ملے گی۔ بھرتیوں کے لیے اضافی بجٹ کی ضرورت نہیں ہوگی، موجودہ بجٹ سے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 2025 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران بم ڈسپوزل ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسٹاف نے بھارت کے ڈرونز کو ناکارہ بنایا تھا۔













