تائیوان نے چین کے دباؤ کے جواب میں اپنے دفاعی بجٹ میں 40 ارب ڈالر کا اضافہ کر دیا ہے، جسے امریکہ کی حمایت حاصل ہے۔
تائی پے: (رائیٹ ناوٴ نیوز) تائیوان نے چین کے بڑھتے ہوئے عسکری دباؤ کے جواب میں اپنے دفاعی بجٹ میں 40 ارب ڈالر کا اضافہ کر دیا ہے۔ صدر لائے چنگ تے نے اعلان کیا کہ یہ اقدام تائیوان کی آزادی اور جمہوری اقدار کے دفاع کے عزم کی علامت ہے۔
چین تائیوان کو اپنی سرزمین تصور کرتا ہے اور گزشتہ چند سالوں میں عسکری و سیاسی دباؤ بڑھاتا رہا ہے، جسے تائیوان نے مسترد کر دیا ہے۔ واشنگٹن کی جانب سے بھی تائیوان پر دفاعی بجٹ میں اضافے کا دباؤ موجود رہا ہے۔
صدر لائے چنگ نے کہا کہ جارحیت کے سامنے جھکنا غلامی کے مترادف ہے اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لڑائی جمہوری تائیوان کے دفاع کی ہے، نہ کہ صرف نظریاتی اختلافات کی۔
امریکہ کے نمائندہ برائے تائیوان ریمونڈ گرین نے اس فیصلے کو تائیوان کی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے کے لیے اہم قرار دیا۔ جبکہ بیجنگ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان بیرونی قوتوں کے اشاروں پر عمل کر رہا ہے۔















