یورپی یونین نے علی ایکسپریس پر غیر قانونی مصنوعات کی فروخت روکنے میں ناکامی پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔
برسلز: (رائیٹ ناؤنیوز) یورپی یونین نے چینی آن لائن پلیٹ فارم علی ایکسپریس پر 55 کروڑ یورو کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یورپی حکام کا کہنا ہے کہ علی ایکسپریس پر غیر قانونی اور غیر محفوظ مصنوعات کی فروخت روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
تحقیقات کے مطابق علی ایکسپریس پر فروخت ہونے والی کئی مصنوعات یورپی یونین کے حفاظتی معیار پر پورا نہیں اترتی تھیں۔ ان میں غیر محفوظ بچوں کے کھلونے اور کاسمیٹکس شامل ہیں۔
یورپی یونین کی ٹیکنالوجی امور کی سربراہ ہینا ورکونن نے کہا کہ آن لائن خریداری کو محفوظ بنانا پلیٹ فارمز کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر بڑے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور ان کا مؤثر حل یقینی بنانا چاہیے۔
یہ جرمانہ یورپی یونین کے ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے تحت عائد کیا گیا ہے جو بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو صارفین کے تحفظ کے لیے جوابدہ بناتا ہے۔ یہ قانون 2022 میں نافذ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ علی ایکسپریس نے اس فیصلے کو غیر متناسب قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس کے خلاف اپیل کریں گے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے صارفین کے تحفظ کے لیے متعدد اصلاحات کی ہیں۔













