بحیرہ جنوبی چین میں چین اور فلپائن کی فوجی جھڑپ میں تنازع شدت اختیار کر گیا۔ فلپائنی اہلکار زخمی ہوا جبکہ چین نے الزامات کو مسترد کر دیا۔
ساؤتھ چائنا سی: (رائیٹ ناؤ نیوز) بحیرہ جنوبی چین کے متنازع علاقے میں چین اور فلپائن کے فوجی آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔ جھڑپ کے دوران دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے ہیں۔
فلپائن کے مطابق اس جھڑپ میں اس کی بحریہ کا ایک اہلکار سر پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوا۔ چینی کوسٹ گارڈ اہلکاروں نے سیکنڈ تھامس شول کے قریب فلپائنی اہلکار کو لکڑی کے ڈنڈے سے نشانہ بنایا۔
فلپائن کی مسلح افواج نے بتایا کہ چینی کوسٹ گارڈ کی کشتی ان کی گراؤنڈ کیے گئے جہاز کے قریب آئی اور تصاویر بنائیں۔ فلپائنی کشتیوں نے چینی جہاز کو دور کرنے کی کوشش کی تو چینی اہلکاروں نے پرتشدد ردعمل دیا۔
چین کا کہنا ہے کہ ان کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے جب فلپائن کی کشتیاں تیزی سے ان کے قریب آئیں۔ چینی فوجیوں نے صورتحال سنبھالنے کے لیے ضروری اقدامات کیے۔
یاد رہے کہ ساؤتھ چائنا سی کا یہ علاقہ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے متنازع رہا ہے اور کئی بار جھڑپیں ہو چکی ہیں۔













