شرجیل میمن نے فارم 47 کی جماعت کی کشمیر میں سیاسی ہمدردیوں کی کوشش پر تنقید کی، مریم نواز کا جواب بھی سامنے آیا۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ فارم 47 کی پیداوار جماعت آج کشمیر میں سیاسی ہمدردیاں سمیٹنے نکلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جعلی نمائندگی کو پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں اور آئندہ بھی مسترد کریں گے۔
شرجیل میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو جماعت اپنے صوبے کے عوام کو حقِ رائے دہی سے محروم رکھے، اسے کشمیری عوام کے حقوق پر سیاست کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے لاکھوں شہری بہتر علاج اور طبی سہولیات کے لیے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں کا رخ کرتے ہیں۔ شرجیل میمن نے زور دیا کہ دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ کچھ لوگ یہاں آکر شکوے شکایت کر رہے ہیں، الزام لگا رہے ہیں، میں احترام سے پوچھتی ہوں کہ آپ کس کی شکایت کر رہے ہیں؟
واضح رہے کہ قائد مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ اگر آزاد کشمیر میں ہماری حکومت بنی تو ہم آزاد کشمیر کا بجٹ 10 گنا بڑھائیں گے۔












