پنجاب حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کے لیے 15 کلینک آن ویلز روانہ، مشکل حالات میں فوری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر آزاد کشمیر کے عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 15 کلینک آن ویلز روانہ کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے خصوصی تقریب میں ان کلینکس کو آزاد کشمیر کے لیے روانہ کیا۔
عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر موبائل طبی یونٹس اور ضروری ادویات آزاد کشمیر بھیجی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں عوام دوست اقدامات پر عمل پیرا ہے اور طبی سہولیات کو صرف پنجاب تک محدود نہیں رکھا جا رہا۔ ضروریات کے مطابق دیگر علاقوں تک بھی پہنچایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ مشکل حالات میں متاثرہ علاقوں کی مدد کرنا حکومت کی قومی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ عمران نذیر نے کہا کہ کلینک آن ویلز دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ ان موبائل کلینکس کے ذریعے مستند ڈاکٹرز، طبی عملہ، تشخیصی سہولیات اور ضروری ادویات ایک ہی جگہ دستیاب ہوتی ہیں، جس سے ہزاروں مریض مستفید ہو رہے ہیں۔












