لیبیا نے اپنے بینکاری نظام کو چین کے ساتھ منسلک کر کے ڈالر پر انحصار کم کر دیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کا سبب بنے گا۔
طرابلس: (رائیٹ ناؤ نیوز) لیبیا نے اپنے بینکوں کو چین کے ادائیگی کے نظام سے منسلک کر دیا ہے۔ اس اقدام سے ڈالر پر انحصار میں کمی آئی ہے۔
لیبیا کے مرکزی بینک کے گورنر ناجی محمد عیسیٰ نے چین کے پیپلز بینک کے گورنر پین گونگ شینگ سے ملاقات کی۔ دونوں نے لیبیا کے تجارتی بینکوں کو چین کے ادائیگی اور تصفیہ کے نظام سے منسلک کرنے پر اتفاق کیا۔
لیبیا کے مرکزی بینک نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ملاقات بیجنگ کے دورے کے دوران ہوئی۔ گورنر عیسیٰ نے پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ممالک کے بینکوں کے درمیان حقیقی تزویراتی شراکت داری کا نیا مرحلہ شروع کرنے پر زور دیا گیا۔ لیبیا کے بینکوں کو چین کے کراس بارڈر انٹربینک ادائیگی کے نظام سی آئی پی ایس (CIPS) سے جوڑنے پر اتفاق ہوا۔
واضح رہے کہ سی آئی پی ایس کو پیپلز بینک آف چائنا نے 2015 میں شروع کیا تھا، جو بین الاقوامی مالیاتی منتقلی میں امریکی ڈالر پر انحصار کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔















