ملک بھر میں 79 ویں جشن آزادی کی تقریبات زور و شور سے جاری، اہم شہروں میں عمارتیں سبز و سفید روشنیوں سے منور۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) ملک بھر میں 79 ویں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ اہم شہروں کی عمارتوں اور شاہراہوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ رات 12 بجے آتش بازی کے ساتھ تقریبات کا آغاز ہوگا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں پارلیمنٹ ہاؤس، ایوان صدر اور دیگر سرکاری عمارتیں سبز و سفید روشنیوں سے منور ہیں۔ شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی سجاوٹ نے شہر کو مزید خوبصورت بنا دیا ہے۔
کراچی میں بھی جشن آزادی کی جوش و خروش عروج پر ہے۔ بانی پاکستان کے مزار اور شاہراہ فیصل سمیت اہم مقامات کو خصوصی طور پر سجایا گیا ہے۔ شہری ملی نغموں اور قومی جھنڈیوں کے ساتھ جشن منا رہے ہیں۔
لاہور میں زندہ دلان کے لیے خصوصی تقریبات کا اہتمام ہوا ہے۔ پنجاب اسمبلی سبز روشنیوں سے جگمگا رہی ہے۔ حکومت نے سیکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کرلیے ہیں، 28 ہزار پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔
یاد رہے کہ 14 اگست کو پاکستان کا یوم آزادی منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں قومی پرچم کشائی، کیک کاٹنے کی تقریبات اور مختلف پروگرامز منعقد ہوتے ہیں۔














