آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کے آبائی حلقے میں مبینہ دھاندلی کی سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
مظفرآباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے ایل اے 17 حویلی کے انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کے آبائی حلقے کے انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کی درخواست پر کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری محسن عزیز نے ری کاؤنٹنگ کی درخواست دائر کی تھی۔ چیف الیکشن کمشنر کے روبرو اس درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں فارم 24 کی مبینہ ٹمپرنگ پر اعتراضات اٹھائے گئے۔
فریقین کے وکلا نے دوبارہ گنتی کے حوالے سے اپنے دلائل پیش کیے۔ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔
مقامی صحافی کاشف میر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے حویلی کے متنازع انتخابی فارم 26 کو منسوخ کردیا تھا جبکہ سوشل میڈیا پر جاری فارم 27 کو بھی جعلی قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ تین مرحلوں میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر رہی ہے۔













