ایف پی ایس سی نے سائبر حملوں کے خدشے کے باعث آن لائن رجسٹریشن عارضی معطل کر دی۔ ویب سروسز 16 اگست تک ریڈ اونلی موڈ پر رہیں گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر اپنی آن لائن رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔ یہ اقدام یوم آزادی کے موقع پر ممکنہ سائبر خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی ویب سروسز کو ریڈ اونلی موڈ پر منتقل کر دیا گیا ہے، جو 16 اگست تک برقرار رہے گا۔ عوام کو اطلاع دی گئی ہے کہ ویب سروسز 13 اگست صبح 10 بجے سے 16 اگست دوپہر 12 بجے تک محدود رہیں گی۔
حکام نے امیدواروں کو مطلع کیا ہے کہ ایم پی ٹی 2027 کی آن لائن رجسٹریشن 16 اگست دوپہر 12 بجے دوبارہ شروع ہو گی۔ کمیٹی نے مزید کہا کہ امیدواروں سے رابطے کا نظام ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس نئے نظام کے مطابق جنرل ریکروٹمنٹ کے امیدواروں کو ویب نوٹس، ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاعات فراہم کی جائیں گی۔ امیدواروں کے دستاویزات کی جانچ پڑتال اور درخواست مسترد ہونے کی اطلاعات بھی ڈیجیٹل ذرائع سے دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے یہ اقدامات سائبر حملوں کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر اٹھائے ہیں تاکہ سروسز کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور امیدواروں کے رابطے کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔













