بادام کا زیادہ استعمال گردے کی پتھری اور ناکارہ ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔ اعتدال میں کھانے سے فوائد حاصل ہوں گے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بادام جو کہ غذائیت سے بھرپور ہونے کے باعث معروف ہے، اس کا زیادہ استعمال جسم کے بعض اہم اعضاء کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ بادام کی بڑی مقدار کھانے سے جسم میں آکسیلیٹس کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جو گردے کی پتھری کا سبب بن سکتی ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بادام کا بے جا استعمال گردوں کی کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتا ہے اور گردے ناکارہ ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، فائبر کی زیادتی بدہضمی اور قبض کا باعث بن سکتی ہے۔
ماہرین نے عمر کے حساب سے بادام کی یومیہ مقدار بھی تجویز کی ہے۔ بالغ افراد کے لیے 20 سے 23 بادام جبکہ بچوں کے لیے 10 بادام روزانہ کافی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اعتدال میں بادام کھانے سے وزن میں تیزی سے کمی آتی ہے کیونکہ مونو سیچوریٹڈ فیٹس بھوک کو کم کرتے ہیں اور دل کی صحت بہتر بناتے ہیں۔
واضح رہے کہ بادام کو کچا یا بھگو کر کھانے کے فوائد الگ ہیں، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر چیز کی طرح بادام کا استعمال بھی اعتدال میں ہونا چاہیے تاکہ فوائد حاصل اور نقصانات سے بچا جا سکے۔















