میمفس کی اینکر ڈومینک ڈیلن لائیو نشریات کے دوران مختصر نیند سو گئیں۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
میمفس: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس کی ٹی وی اینکر ڈومینک ڈیلن لائیو نشریات کے دوران چند لمحوں کے لیے سو گئیں۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
ڈومینک ڈیلن فاکس 13 کے مارننگ شو ‘گڈ مارننگ میمفس’ کی اینکر ہیں۔ 29 جولائی کو پروگرام کے دوران انہوں نے کیمرے کے سامنے بیٹھے چند سیکنڈ کے لیے آنکھیں بند کر لیں۔
جب ڈومینک نے آنکھیں کھولیں تو کیمرہ اگلے شاٹ پر جا چکا تھا۔ انہوں نے اس واقعے کو شرمندگی کا باعث قرار دیا اور کہا کہ وہ ڈراؤنے خواب کی مانند تھا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور لوگوں نے اینکر پر تنقید کے بجائے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ پروڈیوسرز کو بھی ابتدا میں اندازہ نہیں ہوا کہ اینکر سو گئی ہیں۔
یاد رہے کہ ڈومینک دو بچوں کی ماں ہیں۔ ان کی بڑی بیٹی دو سال کی جبکہ چھوٹی بیٹی آٹھ ماہ کی ہے۔ واقعے سے ایک رات قبل ان کے شوہر ڈبل شفٹ پر تھے، جس کے باعث بچوں کی دیکھ بھال کی تمام ذمہ داری ڈومینک پر تھی۔















