امریکا نے ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کی ہیں جن میں ایرانی حکومت سے منسلک ادارے شامل ہیں۔ ان پابندیوں کا مقصد ایران کی بین الاقوامی مالیاتی نظام تک رسائی کو محدود کرنا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکا نے ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ امریکی حکام نے ایران سے منسلک 6 اداروں اور ایک فرد کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
ان پابندیوں میں دو بڑے ڈیجیٹل اثاثہ ایکسچینج پلیٹ فارمز شامل ہیں جن پر الزام ہے کہ وہ ایرانی حکومت کو بین الاقوامی مالیاتی نظام تک رسائی میں مدد دے رہے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک ایران کے لیے مالیاتی پابندیوں سے بچنے اور رقوم منتقل کرنے میں استعمال ہو رہا تھا۔
اس اقدام کو آبنائے ہرمز میں ایرانی کارروائیوں کے جواب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ تازہ اقدامات ایران پر امریکی اقتصادی دباؤ کی پالیسی کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ نئی پابندیوں کے تحت نامزد افراد اور اداروں کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد کیے جا سکتے ہیں اور امریکی شہریوں کے لیے ان سے مالی لین دین پر پابندی ہوگی۔















