راولپنڈی میں نالہ لئی میں ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا، جہاں والد بیٹے کو بچاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، بچے کی تلاش جاری ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) گلستان کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نالہ لئی میں ڈوبتے بیٹے کو بچانے کی کوشش میں والد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق یہ واقعہ صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا جب سات سالہ بچہ زاہد حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث نالے میں گر گیا۔
بچے کے والد مہربان، جن کی عمر تقریباً 35 سے 40 سال کے درمیان تھی، نے پانی میں کود کر بیٹے کو بچانے کی کوشش کی، لیکن تیز بہاؤ کے باعث خود بھی ڈوب گئے۔
ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا اور والد کی لاش مل گئی، مگر بچہ زاہد ابھی تک لاپتہ ہے۔
یاد رہے کہ مون سون کے دوران راولپنڈی کے نالہ لئی میں ڈوبنے کے واقعات معمول بن جاتے ہیں، 2025 میں یہاں 41 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔















