پنجاب میں مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کے آغاز کا امکان، مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) پنجاب میں مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کا آغاز کل سے ہونے جا رہا ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ 19 سے 24 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کم وقت میں زیادہ بارش ہونے سے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ سڑکوں، گلیوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق مری، گلیات اور نالہ لئی کے علاقوں میں برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔















