وفاقی وزیر صحت کے مطابق چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحت اور فارماسیوٹیکل کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ حکومت ویکسین اور ادویات کی مقامی تیاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔
اگلے 2 ماہ میں جعلی اور مہنگی ادویات کی فروخت 99 فیصد تک بند ہو جائے گی۔ مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حالیہ کانفرنس کی کامیابی سے عالمی سطح پر پاکستان پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
حکومت نے سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنایا ہے۔ نئے کاروبار کی رجسٹریشن اور مختلف محکموں سے متعلق امور کو آسان بنایا گیا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاک چین اقتصادی تعاون سے مقامی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فارماسیوٹیکل صنعت میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ کانفرنس کے دوران 600 ملین امریکی ڈالر کے معاہدے طے پائے اور 80 ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔
واضح رہے کہ ان معاہدوں سے ویکسین، ادویات، اور طبی آلات میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دینے میں مدد ملے گی۔














