وزارتِ آئی ٹی نے گوگل کے اشتراک سے ‘اے آئی سیکھو 2026’ پروگرام کا آغاز کر دیا، جس کا مقصد ملک میں اے آئی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام نے مصنوعی ذہانت کو قومی ترجیحی شعبہ قرار دیتے ہوئے اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔ گوگل کے اشتراک سے ‘اے آئی سیکھو 2026’ پروگرام کا آغاز کیا گیا، جس کا مقصد ملک بھر میں اے آئی تعلیم اور مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔
وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کے مطابق وفاقی حکومت نے اسکول کی سطح پر اے آئی نصاب متعارف کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے تاکہ طلبا کو ابتدائی سطح سے جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروایا جا سکے۔
وزارتِ آئی ٹی کا کہنا ہے کہ تربیتی پروگرامز کا دائرہ کار دور دراز علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔ وزارت نے دو ہزار تیس تک اے آئی سیکٹر میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عزم دہرایا ہے۔
اس تناظر میں ایک ہزار طلبہ کو مکمل فنڈڈ اے آئی اسکالرشپس دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ دس لاکھ نان آئی ٹی پروفیشنلز کو اپ اسکل کرنے کا جامع پروگرام بھی منصوبہ بندی میں شامل ہے۔
واضح رہے کہ یہ اقدامات پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی جانب منتقل کرنے اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔















