طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کھانے کے دوران اسکرین کا استعمال بچوں کی صحت پر منفی اثر ڈال رہا ہے، جس سے موٹاپا اور دیگر مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بچوں کی کھانا کھاتے وقت اسکرین کا استعمال ان کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ عادت بچوں میں موٹاپا، فیٹی لیور اور انسولین کے مسائل پیدا کر رہی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ 10 سے 13 سال کی عمر کے بچوں میں یہ مسئلہ زیادہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس عادت کی وجہ سے بچوں کے دماغ پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، جو انہیں میٹابولک امراض کا شکار بناتے ہیں۔
میٹابولک امراض وہ بیماریاں ہیں جو جسم کے خوراک کو توانائی میں بدلنے کے عمل میں رکاوٹ پیدا کرتی ہیں۔ ان امراض کی وجہ سے جسم میں فالتو اور زہریلے مادے جمع ہو جاتے ہیں، جس سے صحت متاثر ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے ڈاکٹر منن وورا نے بھی اس رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکرین کا استعمال بچوں کی توجہ خوراک سے ہٹا دیتا ہے، جس کی وجہ سے وہ ضرورت سے زیادہ کھا لیتے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر وورا نے والدین کو متنبہ کیا ہے کہ بچوں کی غذائی عادات کو بہتر بنانے کے لیے کھانے کے وقت اسکرین کا استعمال کم کریں۔ اس سے بچوں کی صحت بہتر ہوگی اور ان کی توجہ خوراک پر مرکوز رہے گی۔















