الٹرا پروسیسڈ غذا کے انسانی صحت پر خطرناک اثرات

حالیہ تحقیق نے الٹرا پروسیسڈ غذاؤں کے انسانی صحت پر سنگین اثرات کا انکشاف کیا ہے، وزن میں اضافہ اور پٹھوں میں چربی کی زیادتی شامل ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
الٹرا پروسیسڈ غذائیں، انسانی صحت پر خطرناک اثرات

نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حالیہ طبی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ الٹرا پروسیسڈ فوڈز (انتہائی مصنوعی اور ڈبہ بند غذائیں) انسانی صحت کے لیے شدید خطرناک ہیں۔ ان کے استعمال سے نہ صرف وزن میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ جسم کے پٹھوں میں چربی بھی بڑھتی ہے۔

ریڈیالوجی جرنل میں شائع ہونے والی ایک اسٹڈی کے مطابق جو افراد اپنی روزمرہ خوراک میں زیادہ تر الٹرا پروسیسڈ غذائیں کھاتے ہیں، ان کی رانوں کے پٹھوں میں چربی کی تہیں بن جاتی ہیں۔ ایک 62 سالہ خاتون کے ایم آر آئی اسکین سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کے پٹھوں کے ریشوں میں چربی سرایت کر چکی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹھوں میں چربی کا یہ پھیلاؤ پورے جسم کو متاثر کرتا ہے جس سے جسمانی کمزوری اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ یہ حالت خاص طور پر موٹاپے کے شکار افراد میں زیادہ سنگین ہو سکتی ہے۔ چربی کی زیادتی جوڑوں کے درد اور آسٹیو آرتھرائٹس (جوڑوں کا بھربھرا پن) کی وجہ بھی بنتی ہے۔

الٹرا پروسیسڈ غذائیں نہ صرف موٹاپا بلکہ کینسر، امراضِ قلب، ذیابیطس اور ڈپریشن جیسے مسائل کا سبب بھی بنتی ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق متوازن غذا اور ورزش کے ذریعے پٹھوں کی کوالٹی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ماہرین صحت نے مشورہ دیا ہے کہ گھر میں تیار کردہ سادہ اور قدرتی غذائیں استعمال کریں۔ دہی میں مصنوعی ذائقوں کے بجائے تازہ پھل شامل کریں اور بازاری پروٹین بارز کے بجائے قدرتی پروٹین کے ذرائع جیسے انڈے اور دالیں استعمال کریں۔

دیگر متعلقہ خبریں