سندھ حکومت نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف فل اسکیل آپریشن کا اعلان کیا، پنجاب سے بھی کارروائی کی اپیل کی گئی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ حکومت نے ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور آپریشن کا اعلان کیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ پنجاب حکومت بھی ڈاکوؤں کے خلاف ایکشن لے، سندھ کا موٹروے محفوظ ہے جبکہ کارروائیاں پنجاب میں ہوتی ہیں۔
سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ کراچی کے امن و امان میں بہتری آئی ہے اور متعدد ڈاکوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ پولیس ذمہ داری سے اپنا کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچے کے علاقوں میں فل اسکیل آپریشن شروع کیا جا رہا ہے اور پنجاب حکومت کو بھی کارروائی کرنی چاہیے۔ کراچی کے لوگ شادی کے جھانسے میں کچے کے علاقوں میں نہ جائیں۔
شکارپور میں جاری آپریشن میں ڈرونز کی مدد سے 11 ڈاکو مارے گئے ہیں۔ پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور بکتر بند گاڑیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔















