روسی سکیورٹی ادارے نے ماسکو کے قریب ایک اہم تنصیب پر مبینہ ڈرون حملے کی سازش ناکام بنادی۔ حملے میں یوکرینی سکیورٹی سروس کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ماسکو: (رائیٹ ناؤ نیوز) روسی فیڈرل سکیورٹی سروس نے ماسکو کے قریب ایک اہم دفاعی تنصیب پر 35 ڈرونز کے ذریعے مبینہ دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
روسی سکیورٹی ادارے کے مطابق، گرفتار شدگان میں مرکزی ملزم اور اس کے ساتھی شامل ہیں۔ ایک ملزم نے گرفتاری کے دوران مزاحمت کی، جسے ہلاک کر دیا گیا۔
سکیورٹی حکام نے بتایا کہ حملے کی کوشش گزشتہ ماہ ناکام بنائی گئی تھی۔ ڈرونز میں دھماکا خیز مواد نصب تھا، جو ماسکو کے ایک دفاعی پلانٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے پیچھے یوکرین کی سکیورٹی سروس ایس بی یو تھی۔ ڈرونز سلوواکیہ سے پولینڈ اور بیلاروس کے راستے روس لائے گئے تھے۔
واضح رہے کہ ماسکو میں ہونے والے اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اور گرفتار افراد سے مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔















