یوکرینی حکومت نے ماشا اینڈ دی بیئر پر قومی سلامتی کے خدشات کے باعث پابندیاں عائد کی ہیں، جن کا مقصد کارٹون کی رسائی اور عالمی آمدنی محدود کرنا ہے۔
کیو: (رائیٹ ناؤ نیوز) یوکرین نے بچوں کے مقبول روسی کارٹون ‘ماشا اینڈ دی بیئر’ پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ پابندی کارٹون کے پروڈیوسرز اور تقسیم کاروں پر لگائی گئی ہے۔
یوکرینی حکومت کے مطابق کارٹون روس کے حق میں مثبت تاثر پیدا کر رہا ہے، جو قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہو سکتا ہے۔ وزیرِ ثقافت نے بتایا کہ اس اقدام سے کارٹون کی رسائی اور آمدنی محدود کرنے کے لیے قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ایک حکم نامے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت اسٹیوڈیو اینیماکارڈ اور دیگر متعلقہ اداروں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ‘ماشا اینڈ دی بیئر’ دنیا کے 100 ممالک میں نشر ہوتا ہے اور یوٹیوب پر اس کے 37 ارب سے زیادہ ویوز ہیں۔ برطانیہ اور ایسٹونیا سمیت بعض ممالک نے بھی اس پر اعتراض کیا ہے۔
یاد رہے کہ روس نے یوکرین کے الزامات کو مسترد کیا ہے، جبکہ یوکرینی حکام نے مزید اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔













