خاران کے علاقے لجے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
خاران: (رائیٹ ناؤ نیوز) بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے لجے میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی۔ اس کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خاران کے علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ اس کارروائی میں دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد خاران اور لجے میں خودکش حملوں سمیت متعدد دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ یہ دہشتگرد بھتہ خوری اور اغوا کی وارداتوں میں بھی شامل تھے۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ دو گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی۔
یاد رہے کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مسلسل سرگرم ہیں۔















