وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے درختوں کی کٹائی پر زیرو ٹالرنس اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے، جبکہ غیر قانونی شکار کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا اعلان کیا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے درختوں کی کٹائی کے خلاف زیرو ٹالرنس اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ آفریدی کی زیر صدارت محکمہ ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات و جنگلی حیات کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ جنگلات قوم کی امانت ہیں اور ان کی لوٹ مار برداشت نہیں کی جائے گی۔ غیر قانونی کٹائی میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
انہوں نے غیر قانونی شکار کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ جنگلی حیات کی تجارت میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔
آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت جنگلی حیات کے تحفظ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنائے گی اور اس کے لیے قانونی اصلاحات اور سزاؤں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو قانون میں موجود خامیوں کی نشاندہی کر کے نئی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی۔













