موسلادھار بارش نے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی۔ شہری محفوظ مقامات پر منتقل، نکاسی آب کے مسائل ابھرے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤنیوز) جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش نے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ نالہ لئی اور دیگر نالوں میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی، جس پر خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
چکلالہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں بارش اور نالوں کا پانی گلیوں اور گھروں میں داخل ہو گیا۔ متاثرہ علاقوں میں 6 فٹ تک پانی داخل ہونے سے گاڑیوں اور سامان کو نقصان پہنچا۔ شہری اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالتے رہے۔
شدید بارش کے باعث راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی رفتار سست اور مختلف مقامات پر ٹریفک جام ہو گیا۔ واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔
حالیہ شدید بارش نے نکاسی آب کے مسائل اور سیلابی خطرات کو نمایاں کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں سب سے زیادہ بارش گولڑہ کے مقام پر 146 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔















