پی ایم ڈی سی نے میڈیکل داخلوں کے میرٹ میں نرمی کرتے ہوئے ایم بی بی ایس کا میرٹ 52 فیصد مقرر کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک بھر میں میڈیکل داخلوں کا رجحان کم ہو رہا ہے اور سینکڑوں نشستیں خالی ہیں۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے اس صورتحال کے پیش نظر میرٹ میں نرمی کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے۔
پی ایم ڈی سی نے خالی نشستوں پر داخلوں کے لیے ایم بی بی ایس کا میرٹ 55 فیصد سے کم کر کے 52 فیصد مقرر کیا ہے۔ جبکہ 47 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ اب بی ڈی ایس میں داخلہ لے سکیں گے۔
ادارے کے مطابق یہ رعایت صرف خالی نشستوں کو پُر کرنے کے لیے دی گئی ہے۔ پی ایم ڈی سی نے تسلیم کیا کہ نشستیں خالی رہنے کی بنیادی وجہ بلند فیسیں ہیں۔
پی ایم ڈی سی نے نجی میڈیکل کالجز کو فیسوں میں کمی کی ہدایت دی ہے اور 15 اپریل تک کم میرٹ پر داخلے مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ نجی میڈیکل کالجز کی سالانہ فیس 18 لاکھ سے 23 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔ ایم بی بی ایس کی پانچ سالہ ڈگری پر مجموعی لاگت ڈیڑھ کروڑ روپے سے بھی تجاوز کر جاتی ہے۔















