دبئی ایئر شو میں بھارتی طیارہ ‘تیجس’ تباہ، پائلٹ ہلاک

دبئی ایئر شو میں بھارتی طیارہ ‘تیجس’ تباہ ہوگیا، پائلٹ ہلاک۔ حادثہ بیریل رول کرتب کے دوران پیش آیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دبئی ایئر شو میں بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ‘تیجس’ جمعہ کی دوپہر فضائی کرتب دکھاتے ہوئے تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔ بھارتی فضائیہ نے پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ یہ واقعہ بھارت کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے کیونکہ یہ دو سال میں دوسرا تیجس طیارہ ہے جو تباہ ہوا۔

حادثے کے بعد ماہرین نے طیارے کے آخری لمحوں کا جائزہ لیا اور بتایا کہ بھارتی پائلٹ ‘بیریل رول’ نامی کرتب کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس میں طیارہ ایک سمت جھک کر الٹا ہوتا ہے۔ لیکن طیارہ زمین کے قریب آ چکا تھا اور دوبارہ اوپر اٹھنے کی رفتار نہیں تھی، جس کے باعث وہ ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔

کچھ ماہرین نے امکان ظاہر کیا کہ شاید طیارے کے انجن نے آخری لمحے میں کام کرنا چھوڑ دیا ہو، جس سے پائلٹ کے پاس بچنے کا وقت نہیں رہا۔ دبئی میں تیجس کی تباہی کے بعد بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا پر وائرل دعوؤں کو جھوٹ قرار دیا کہ طیارے کا آئل لیک ہو رہا تھا۔

تیجس بھارت کا پہلا ملکی ساختہ لڑاکا طیارہ ہے، جسے بنگلور کی ہندوستان ایئروناٹکس لمیٹڈ نے تیار کیا ہے، تاہم اس کے انجن امریکا کی جنرل الیکٹرک کمپنی کے تیار کردہ ہیں۔ بھارتی فضائیہ نے حادثے کی اصل وجہ بتانے سے گریز کیا ہے، لیکن تحقیقات جاری ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں