اسرائیل نے غزہ میں طویل دیوار کی تعمیر شروع کردی ہے، جس سے فلسطینی علاقوں کی تقسیم کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
غزہ: (رائیٹ ناؤ نیوز) اسرائیل نے غزہ کے اندر ایک طویل مٹی کی دیوار تعمیر کرنا شروع کردی ہے۔ یہ دیوار کئی کلومیٹر پر محیط ہے اور فلسطینی آبادیوں سے گزرتی ہے جنہیں جنگ کے دوران منہدم کیا گیا تھا۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے حالیہ مہینوں میں 23 کلومیٹر طویل دیوار تعمیر کی ہے۔ اس دیوار کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو یہ غزہ کے جنوبی شہر رفح سے غزہ سٹی تک مسلسل دفاعی پٹی بن سکتی ہے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ دیوار کے ساتھ ایک سیکیورٹی زون بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس زون میں جدید نگرانی اور انٹیلی جنس نظام نصب کیے گئے ہیں تاکہ حماس کے جنگجوؤں کی دراندازی روکی جا سکے۔
اس دیوار کی تعمیر سے غزہ کے نصف سے زائد علاقے پر اسرائیل کے مستقل کنٹرول کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے بعد شروع ہوئے تھے۔ اسرائیلی حملوں میں 75 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں زخمی ہوئے ہیں۔















