کراچی میں ٹریفک حادثات میں دو موٹر سائیکل سوار ہلاک، واٹر ٹینکر اور مزدا ٹرک شامل۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں ہیوی گاڑیوں کے حادثات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جہاں نارتھ کراچی میں واٹر ٹینکر نے ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان کو کچل ڈالا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور واٹر ٹینکر کو تھانے منتقل کر دیا۔ متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، تاہم اس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
اس سے قبل سپر ہائی وے کے قریب ایک اور حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 27 سالہ محمد نواز کے نام سے ہوئی۔ حادثہ مزدا ٹرک کی ٹکر کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے مزدا ٹرک کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔















