شرجیل میمن نے کراچی یونیورسٹی روڈ کی 15 ستمبر تک 100 فیصد تکمیل کا اعلان کیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور الیکٹرک گاڑیاں بھی جلد دستیاب ہوں گی۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) سندھ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ کراچی کا یونیورسٹی روڈ 15 ستمبر تک 100 فیصد مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت روڈ کا 80 سے 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
شرجیل میمن نے بی آر ٹی ریڈ لائن کے دورے کے دوران کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ اگلے ماہ ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچ جائیں گی اور الیکٹرک گاڑیاں بھی جلد دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ 500 الیکٹرک بسوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ خواتین کے لئے پنک اسکوٹیز بھی جلد دستیاب ہوں گی۔ سندھ حکومت نے عوامی خدمت کے کئی منصوبے شروع کئے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سندھ حکومت صوبے کی ترقی کے لیے ہر محکمے میں دن رات کام کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں جدید سہولتیں فراہم کی ہیں اور ایئر ایمبولینس کی سہولت بھی شامل ہے، جو کافی عرصے سے فعال ہے۔














