اریجیت سنگھ نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ وہ اب فلموں کے لیے پلے بیک سنگنگ نہیں کریں گے، موسیقی کا سفر آزاد فنکار کے طور پر جاری رہے گا۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بالی ووڈ کے معروف گلوکار اریجیت سنگھ نے فلموں میں پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ اریجیت سنگھ نے انسٹاگرام پر پیغام کے ذریعہ تصدیق کی کہ وہ اب فلموں کے لیے گانے نہیں ریکارڈ کریں گے اور کوئی نئی پلے بیک سنگنگ اسائنمنٹ قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کا دل سے شکر گزار ہوں کہ آپ نے برسوں مجھے بطور سامع محبت دی۔ میں خوشی کے ساتھ اعلان کرتا ہوں کہ اب میں بطور پلے بیک ووکلسٹ کوئی نئی اسائنمنٹ قبول نہیں کروں گا۔ یہ سفر شاندار اور یادگار رہا۔
اریجیت نے مداحوں کو یقین دلایا کہ موسیقی بنانا نہیں چھوڑا، صرف پلے بیک سنگنگ سے الگ ہو رہا ہوں اور آزاد فنکار کے طور پر اپنا سفر جاری رکھوں گا۔ چند معاہدوں کے تحت کچھ منصوبے اب بھی زیرِ تکمیل ہیں، جس کے باعث رواں سال نئے گانے ریلیز ہو سکتے ہیں۔ اس اعلان نے اُن کے لاکھوں مداحوں کو حیران کر دیا جو ان کی موسیقی کو دو ہزار کی دہائی سے فالو کر رہے تھے۔















