امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کو امن معاہدہ قبول نہ کرنے پر حملے کی وارننگ دی ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے امن معاہدہ قبول نہ کیا تو امریکا دوبارہ حملے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے ایران کی سمندری حدود اور بین الاقوامی پانیوں میں ناکہ بندی کا عندیہ دیا ہے۔
پینٹاگون میں نیوز بریفنگ کے دوران ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران کے پاس خوش حال مستقبل کا انتخاب کرنے کا موقع ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اپنے عوام کے لیے سنہری راستہ اختیار کرے گا۔
ہیگسیتھ نے مزید کہا کہ ایران کی ہر فوجی سرگرمی پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کا امریکا کی عسکری صلاحیتوں کے ساتھ کوئی موازنہ نہیں ہے، اور امریکا خطے میں اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔
امریکی وزیرِ جنگ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے لیے امریکا صرف 10 فیصد فوج استعمال کر رہا ہے اور چاہے جتنا عرصہ ناکہ بندی برقرار رکھ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا نے ایران کے ایٹمی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی ہے۔ ہیگسیتھ نے امریکی میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ میڈیا کو امریکی کامیابیوں پر توجہ دینی چاہیے۔














