اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس حملے کے چار ملزمان گرفتار

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس حملے میں ملوث چار دہشت گرد گرفتار، تحقیقات جاری۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش حملے میں ملوث تحریک طالبان پاکستان کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ انٹیلی جنس بیورو اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی میں جی۔11 اسلام آباد پر حملے میں ملوث دہشت گرد سیل کے ارکان کو حراست میں لیا۔

دوران تفتیش ساجد اللہ عرف شینا نے اعتراف کیا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر سعید الرحمن عرف داداللہ نے اسے ٹیلی گرام کے ذریعے حملے کی ہدایت دی۔ داد اللہ نے ساجد کو خودکش بمبار عثمان عرف قاری کی تصاویر بھیجیں تاکہ وہ اسے پاکستان میں وصول کرے اور حملے کے لئے تیار کرے۔

عثمان عرف قاری شنواری قبیلے سے تھا اور افغانستان کے ننگرہار کا رہائشی تھا۔ اس نے پاکستان پہنچنے پر اسلام آباد کے نواحی علاقے میں پناہ لی۔ ساجد اللہ نے اکھن بابا قبرستان پشاور سے خودکش جیکٹ حاصل کی اور دھماکے کے روز قاری کو پہنائی۔

تحقیقات کے مطابق ٹی ٹی پی کی اعلیٰ قیادت افغانستان میں موجود تھی اور وہ ہر قدم پر نیٹ ورک کی رہنمائی کر رہی تھی۔ اس نیٹ ورک کے باقی ارکان بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں