جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنے شروع کر دیے ہیں۔ ملک بھر میں 510 سڑکیں بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر احتجاجی دھرنے شروع کر دیے ہیں۔ کارکنوں نے نیشنل ہائی وے کو دھرنا دے کر بند کر دیا، جس سے ٹریفک معطل ہوگئی۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پورے ملک میں 510 سڑکیں بند کی جائیں گی۔ بڑی شاہراہوں کی بندش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
کراچی میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے اورنگی اور حب ریور روڈ کو بھی بند کر دیا ہے۔ لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور اور ملتان میں بھی احتجاجی دھرنے ہوں گے۔
انڈس ہائی وے، سی پیک چوک اور چکدرہ انٹرچینج پر بھی دھرنے دیے جائیں گے۔ جماعت کے صوبائی اور ضلعی عہدیدار دھرنوں کی قیادت کریں گے۔
یاد رہے کہ منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جب تک پیٹرولیم لیوی واپس نہیں لی جاتی احتجاج جاری رہے گا۔ عوام سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے تاکہ مطالبات منوائے جا سکیں۔















