محکمہ موسمیات نے 18 سے 25 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، جس سے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز). محکمہ موسمیات نے 18 سے 25 جولائی تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش متوقع ہے۔ بیس سے تئیس جولائی کے دوران اسلام آباد میں بارش کا امکان ہے جبکہ دیگر شہروں میں شدید بارشوں کا خدشہ ہے۔
بیس سے پچیس جولائی کے دوران مری، گلیات، کشمیر، سوات، اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ محکمہ نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے سے کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ مون سون سیزن کے دوران اکثر بارشیں شدید ہوتی ہیں، جس سے شہری آبادی کو اربن فلڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔















