ٹی بی ٹیسٹ کٹس کی قلت سے ملک میں تشخیصی نظام متاثر ہوگیا، وزارتِ صحت نے ہنگامی پابندیاں نافذ کردیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹی بی ٹیسٹ کٹس کی شدید قلت کے باعث ملک بھر میں تشخیصی نظام متاثر ہوگیا ہے۔ وزارتِ صحت نے کٹس کی کمی کے باعث ہنگامی پابندیاں نافذ کردیں اور جدید ٹی بی ٹیسٹ فوری طور پر محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کٹس کی قلت سے ٹی بی کی بروقت تشخیص متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث جین ایکسپرٹ ٹیسٹ کا استعمال کم کردیا گیا ہے۔ ہر مشتبہ مریض کا جین ایکسپرٹ ٹیسٹ اب دستیاب نہیں ہوگا اور مریضوں کو پرانے طریقۂ تشخیص پر منتقل کردیا گیا ہے۔
صرف انتہائی ضروری کیسز میں جدید ٹیسٹ کی اجازت دی جائے گی، اسپتالوں اور لیبارٹریوں کو محدود استعمال کی ہدایت دی گئی ہے۔ مخصوص اور سنگین مریضوں کے لیے جدید ٹیسٹ کی سہولت برقرار رہے گی، جبکہ بچوں اور حاملہ خواتین کو جین ایکسپرٹ ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزارتِ صحت نے کارٹریجز بچانے کے لئے سخت نگرانی کا حکم دیا ہے اور صوبائی ٹی بی پروگرامز کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ترجیحی بنیادوں پر تصدیق شدہ مریضوں کو جین ایکسپرٹ ٹیسٹ دیا جائے گا، خاص طور پر ایچ آئی وی کے ساتھ ٹی بی کے مریضوں کو ترجیح دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ٹی بی کی بروقت تشخیص کے لئے جین ایکسپرٹ ٹیسٹ اہمیت رکھتا ہے، جس کی قلت کی وجہ سے صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ اس بحران کا حل نکالا جا سکے۔















