پنجاب اسمبلی میں بڑھتی آبادی کے مسئلے پر قابو پانے کی قرارداد منظور کرلی گئی، جس میں وسائل کے دباؤ کو کم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب اسمبلی میں بڑھتی آبادی پر قابو پانے کے لیے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ یہ قرارداد حکومتی رکن احسن رضا خان نے پیش کی تھی، جس میں بڑھتی آبادی کے باعث وسائل پر دباؤ کا ذکر کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آبادی کے اضافے سے قدرتی وسائل، روزگار، تعلیم اور طبی سہولیات متاثر ہو رہی ہیں۔ وسائل کی محدودیت غربت، بے روزگاری، ماحولیاتی آلودگی اور پانی کی قلت میں اضافہ کر رہی ہے۔
حکومت کو مؤثر آبادی مینجمنٹ پالیسی بنانے اور خاندانی منصوبہ بندی کو فعال کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی خود مختاری کے فروغ کے لیے خصوصی پروگرامز کا مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد میں زچہ و بچہ کی سہولیات، پانی، زرعی اراضی اور توانائی کے استعمال کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ پر زور دیا گیا۔ روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے فنی تربیت اور صنعتوں کے قیام کی تجویز پیش کی گئی۔
واضح رہے کہ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مشاورت کے ذریعے قومی حکمت عملی مرتب کرنے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر زور دیا گیا ہے۔















